13سال بعد کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان پروازیں بحال

کراچی (بیوروچیف) بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے میں بڑی پیش رفت متوقع ہے، کیونکہ تقریبا13سال بعد ڈھاکا اور کراچی کے درمیان پرواز کا روٹ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔یہ روٹ2012ء میں سابق شیخ حسینہ حکومت کے دور میں سیکیورٹی خدشات کے باعث معطل کر دیا گیا تھا، جسے اب عبوری حکومت کی پالیسی کے تحت بحال کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق شہری ہوابازی اور سیاحت کے مشیر شیخ بشیر الدین اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔اس دورے میں وہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایئرپورٹ حکام اور کراچی کے اہم تجارتی اداروں سے تکنیکی اور عملی معاملات پر بات چیت کریں گے۔روٹ کی بحالی سے دوطرفہ تجارت، لیبر موومنٹ، مسافر ٹریفک اور کارگو ٹرانسپورٹ میں اضافے کی توقع ہے۔کراچی، جو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے، ماضی میں بنگلہ دیشی تاجروں، طلبہ اور تارکین وطن کے لیے ایک اہم مقام رہا ہے۔بنگلہ دیش ایئرلائن بیمان کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ قومی ایئرلائن ابتدائی مرحلے میں ہفتے میں 3 پروازیں ڈھاکا سے کراچی اور کراچی سے ڈھاکا روٹ پر چلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔مسافروں کی طلب اور تجارتی منافع کی بنیاد پر پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔بیمان کے ذرائع کے مطابق، اس روٹ کی بحالی خطے میں بڑھتے ہوئے تجارتی رجحانات، لیبر مارکیٹ کے مواقع اور پاکستان کے صنعتی مراکز سے بہتر رابطے کی ضرورت کے پیش نظر کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں