حکم امتناعی کے باوجود پیرا فورس کا دکانیں مسمار کرنا غیر قانونی ہے ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے پیرافورس کی طرف سے جڑانوالہ روڈ پر کوہ نور مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر رانا عمار ایڈووکیٹ کی دکانیں مسمار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ مذکورہ ممبر بار نے ایڈیشنل کمشنر ریونیو فیصل آباد سے 25نومبر 2025ء تک حکم امتناعی حاصل کر رکھا تھا اس کے باوجود پیرافورس نے بلاوجہ غیر قانونی طور پر دکانوں کو مسمار کر دیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد اپنے معزز ممبر کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اگر پیرافورس نے مزید کوئی غیر قانونی کارروائی کی تو ڈسٹرکٹ بار ہر فورم پر پیرافورس کا سدباب کریگی جبکہ دوسری طرف پیرافورس کا کہنا ہے کہ سابق اے سی سٹی نسیم صادق نے سوساں روڈ کو کھلا کرنے کی خاطر گرین بیلٹ میں بیٹھے قصاب اور دیگر افراد کو جڑانوالہ روڈ پر خالی جگہ پر ریڑھی اور پھٹے لگانے کی اجازت دی۔ بعدازاں زبیدہ نامی خاتون نے مذکورہ اپنے ملکیتی پلاٹ پر ضلعی انتظامیہ کو قبضہ واگزار کروانے کی درخواست دی لیکن وہ قبضہ حاصل نہ کر سکی اور محکمہ سیٹلمنٹ نے مذکورہ جگہ خاتون کو آلاٹ کر دی۔ بعدازاں خاتون نے مذکورہ پلاٹ افضال شاہ’ صوفی امین اور سرفراز کموکا کو فروخت کر دیا تو مذکورہ افراد نے پلاٹ کی رجسٹری اور انتقال اپنے نام کروایا لیکن انتقال پاس نہ ہو سکا۔ ٹی او فارم کی تصدیق نہ ہونے پر سابق ڈپٹی کمشنر سمیع سعید نے انتقال کینسل کر دیا اور ٹی او فارم کی تصدیق کروانے کا حکم دیا تو مذکورہ افراد نے سول’ عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تو عدالت نے ٹی او فارم محکمہ ریونیو سے تصدیق کروانے کا حکم دیا۔ بورڈ آف ریونیو نے ٹی او فارم کی تصدیق کرنے کا معاملہ چل رہا تھا کہ موجودہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو اس بات کا علم ہوا مذکورہ رقبہ صوبائی حکومت کی ملکیت ہے تو انہوں نے گزشتہ ماہ 17اکتوبر 2025ء پر دکانداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ملکیت ثبوت پیش کرنے کا حکم دیا۔ پیرافورس ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد جگہ کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے تو 15نومبر 2025ء کو پیرافورس نے بھاری مشینری کے ہمراہ مذکورہ دکانوں کو مسمار کر کے سرکاری رقبہ واگزار کروایا۔ ذرائع کے مطابق مذکوہ جگہ کا کسی کو انتقال نہ ہوا ہے اور رقبہ کی فرد جمعبندی ریکارڈ میں بھی صوبائی حکومت کی ملکیت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں