دیرینہ نادہندگان کے خلا ف کارروائی کی جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حکم دیا ہے کہ ایف ڈی اے کے بقایاجات کے دیرینہ نادھندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں جائیدادوں کو سر بمہر کرنے سے گریز نہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران جاری کیا جس میں سرکاری بقایا جات کی وصولی کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مختلف مدات میں بقایا جات کی نوعیت اور ان کی تازہ ترین ریکوری کو چیک کرتے ہوئے اہداف پورا نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ناقص کارکردگی کے حامل فیلڈ سٹاف کی سخت باز پرس کی جائے۔ انہوں نے ہاسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈیویلپمنٹ پر عائد جرمانوں، کمرشلائزیشن فیسوں اور دیگر نوعیت کے بقایاجات کی 100 فیصد وصولیوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فیلڈ سٹاف کو غیر معمولی طور پر متحرک رکھا جائے اور تفویض کردہ ٹارگٹس کے حصول کی پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں تاکہ سست روی کا فوری محاسبہ ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ سٹاف کی کارگردگی کی کڑی مانیٹرنگ کرتے ہوئے ریونیو میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں