پولنگ میٹریل کی ترسیل اور واپسی کو یقینی بنایا جائے

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور آر پی او شہزاد آصف خان کی زیر صدارت پی پی 73 سرگودہا اور پی پی 87 میانوالی کے 23 نومبر کو ضمنی انتخابات کے انتظامی اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈی پی او صہیب اشرف، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، ڈی پی او میانوالی محمد اجمل، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پی پی 73 سرگودہا میں 23 نومبر کو ہونے والی پولنگ کے لیے 163 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 55 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ پولنگ مواد آر او آفس پہنچ چکا ہے جبکہ انتخابی مواد ہفتے کے روز عملے کے ہمراہ متعلقہ مقامات روانہ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس نے بتایا کہ پی پی 87 میانوالی میں ضمنی انتخاب کے لیے 193 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 62 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ اجلاس میں دونوں اضلاع کے ڈی پی اوز نے اپنی اپنی سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔افسران کو پولنگ اسٹاف کی لانے لیجانے کی ٹرانسپورٹیشن، لاجسٹک سپورٹ اور پولنگ مٹیریل کی محفوظ ترسیل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔آر پی او نے کہا کہ پولنگ مٹیریل کی محفوظ ترسیل اور واپسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر امیدواروں کے انتخابی کیمپس مقررہ فاصلے پر قائم کیے جائیں تاکہ ہجوم، دبائویا کسی بھی طرح کے جھگڑے کا امکان پیدا نہ ہو۔کمشنر سرگودہا نے ہدایت کی کہ تمام محکمے الیکشن کمیشن کے ایس او پیز کے مطابق شفاف، پْرامن اور منظم پولنگ کو یقینی بنائیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی سکیورٹی اور سی سی ٹی وی کوریج میں کوئی کمی نہ رکھی جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران کو انتظامات کی فیلڈ میں خود نگرانی کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں