دبئی ‘دنیا کی سب سے بڑی آٹو مارکیٹ بنانے کے منصوبہ

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی نے دنیا کی سب سے بڑی اور جدید آٹو مارکیٹ بنانے کے منصوبے کا باقائدہ آغاز کردیا۔متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم نے منصوبے کا افتتاح کیا، انہوں نے کہاکہ آٹو مارکیٹ کا مقصد 2033 تک دبئی کی معیشت کو دگنا کرنا ہے۔دبئی کی موجودہ آٹو ٹریڈنگ کی مالیت 6.8 بلین درہم (تقریباً 51.4ارب پاکستانی روپے) تک ہے جسے دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔مارکیٹ کا رقبہ 2 کروڑ 20 لاکھ اسکوائر فٹ پر مشتمل ہوگا جو سالانہ 8 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی لین دین کرسکے گی۔دبئی آٹو مارکیٹ میں 1،500 سے زائد شورومز، مخصوص ورکشاپ زونز، گودام، ملٹی اسٹوری پارکنگ، آکشن ہائوس، کنونشن سینٹر، ہوٹل، ریٹیل اور فوڈ ایند بیوریج آٹ لیٹس شامل ہوں گے۔گاڑیوں کی مارکیٹ کا منصوبہ دبئی کی تجارتی بندرگاہ جبل علی کے زیر انتظام ہوگا جسے گاڑیوں کی تجارت اور ری ایکسپورٹ کے عالمی نیٹ ورک کے باعث منتخب کیا گیا۔یہ مارکیٹ الیکٹرک، ہائبرڈ اور روایتی گاڑیوں کی عالمی تجارت کو ایک جگہ سمیٹ دے گی اور افریقہ، مشرق وسطی اور جنوب مشرقی ایشیا کے تیزی سے بڑھتے بازاروں کو براہ راست جوڑے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں