ہائی بلڈ پریشر کو آپ سے دور رکھنے والا آسان ترین طریقہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ ہائی بلڈ پریشر جیسے خاموش قاتل مرض سے خود کو ہمیشہ محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو ایسا بہت آسانی سے ممکن ہے۔بس ہر رات ایک ہی وقت پر بستر پر جاکر سونا عادت بنالیں۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی کی اس تحقیق میں سونے کے وقت اور بلڈ پریشر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا۔اس تحقیق میں درمیانی عمر کے 11ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو ہائی بلڈ پریشر کے شکار تھے۔ان افراد کے نیند کے معمولات کا جائزہ ایک ہفتے تک لیا گیا اور پھر محققین نے ان سے سونے کا وقت پوچھ کر اگلے 2 ہفتوں تک اسی وقت پر سونے کی ہدایت کی جبکہ دوپہر کو قیلولہ کرنے سے روک دیا۔ان افراد سے نیند کے دورانیے کے بارے میں تفصیلات حاصل نہیں کی گئیں۔نتائج نے محققین کو حیران کر دیا۔آغاز میں ان افراد کا ہر رات سونے کا وقت مختلف تھا اور اوسطا ہر رات بستر پر لیٹنے کے وقت میں 30 منٹ کا فرق تھا۔مگر تحقیق کے دوران یہ فرق 7 منٹ رہ گیا اور بستر پر جانے کے اس تسلسل سے ان کے دل کی صحت کو فائدہ ہوا۔ان کے 24 گھنٹے کے بلڈ پریشر میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جو عام طور پر ورزش کو معمول بنانے یا نمک کا استعمال کم کرنے سے ہوتی ہے۔اس عادت سے رات کے وقت کے بلڈ پریشر میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی۔تحقیق کے مطابق بلڈ پریشر کی سطح میں اس کمی سے امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ 10 فیصد سے زیادہ کم ہوگیا۔درحقیقت بیشتر افراد کے بلڈ پریشر میں اتنی کمی آئی جو صحت کے لیے مفید قرار دی جاسکتی تھی۔محققین نے بتایا کہ یہ بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے کا آسان ترین طریقہ قرار دیا جاسکتا ہے، بس ہر رات سونے کا وقت یکساں ہو (یا چند منٹ کا فرق ہو)۔ان کا کہنا تھا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں بہت کم افراد کو شامل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مگر نتائج حوصلہ افزا ہیں اور ہر رات ایک ہی وقت سونے کی عادت سے کوئی نقصان بھی نہیں ہوتا۔اس تحقیق کے نتائج جرنل سلیپ ایڈوانسز میں شائع ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں