ووٹرز،سپورٹرز،امیدوار پُرجوش،ضمنی الیکشن کا انتخابی معرکہ کل

فیصل آباد’اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ بیورو چیف) ضمنی انتخابات کا دنگل کل سجے گا، الیکشن مہم کا وقت ختم ہوگیا۔ جلسے، جلوسوں، ریلیوں، کارنر میٹنگ پر پابندی لگا دی گئی، فیصل آباد میںقومی اسمبلی کی 2اور صوبائی اسمبلی کے 3حلقوں سمیت قومی اسمبلی کی 6اور پنجاب اسمبلی کی 7نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو گا، واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کیلئے فوج تعیناتی کی منظوری دیدی ہے، انتخابی حلقوں میں فوجی دستے 22سے 24نومبر تک موجود رہیں گے۔ وزارت داخلہ نے فوجی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، پاک فوج تھرڈ ٹیئر اور کوئیک ری ایکشن فورس کے طور پر تعینات ہوگی، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، مظفر گڑھ ،سرگودھا، ہری پور اور میانوالی کے انتخابی حلقوں میں فوجی دستوں کو امن وامان برقرار رکھنے کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ کل 23نومبر کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں فیصل آباد کے دو قومی اور 3صوبائی حلقوں میں 64پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 610 کو حساس قرار دے دیا گیا جبکہ 566 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ حساس ترین اور حساس پولنگ اسٹیشن پر فوجی جوان بھی ڈیوٹی دینگے۔ تاکہ انتخابی عمل کو پُرامن اور شفاف بنایا جا سکے جبکہ پریزائیڈنگ آفیسرز کو بیلٹ پیپرز اور پولنگ کا سامان دے دیا گیا۔دریں اثنائ۔اسلام آباد (بیورو چیف ) الیکشن کمیشن نے انتخابی ڈیوٹی کے دوران پاک فوج / سول آرمڈ فورسز کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا۔ضابطہ
اخلاق کے مطابق پولیس پہلی سول آرمڈ فورسز دوسری اور پاک فوج تیسری رسپانڈر (کیو آر ایف) ہوگی، فوج انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کے باہر تعینات ہوگی۔بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس پر پاک فوج / سول آرمڈ فورسز سیکیورٹی پر مامور ہوں گی، بیلٹ پیپرز اور انتخابی مواد کی ترسیل کے دوران پاک فوج / سول آرمڈ فورسز سیکیورٹی فراہم کریں گی۔ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ ہر افسر وہ اختیارات استعمال کرے گا جو الیکشن کمیشن نے تفویض کیے ہیں، ڈی آر او، آر او اور پولنگ اسٹاف کو ان کے فرائض کی ادائیگی میں مکمل سہولت فراہم کریں گے۔کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں پہلے پریزائیڈنگ افسر اور اپنے چین آف کمانڈ کو اطلاع دیں گے، پریزائیڈنگ افسر یا پولنگ اسٹاف کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گے۔پولنگ اسٹیشن کے باہر ہونے والی بے ضابطگی پر خود سے کارروائی نہیں کریں گے، کسی اہل ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گے، ہتھیار/غیر ضروری چیز رکھنے والے ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے روکیں گے۔ضابطہ اخلاق کے تحت ہنگامہ آرائی یا انتشار پھیلانے والے ووٹر کو روکیں گے، پولنگ اسٹاف کے فرائض کسی صورت اپنے ذمے نہیں لیں گے، مبصرین کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں