پنجاب میں گورننس اور صفائی انتظامات کی نگرانی مزید سخت

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر معیاری کارکردگی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کر دی۔مریم نواز شریف کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کے لئے مقرر کردہ کی پرفارمنس انڈیکیٹرکی کڑی جانچ پڑتال جاری ہے، وزیراعلی کی ہدایت پر صوبے کے ہر ضلع میں گورننس کے معیار کی مکمل نگرانی کے لئے خفیہ ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔پنجاب حکومت نے غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے ستھرا پنجاب کے نجی ٹھیکیداروں کے خلاف فوری کارروائی کی وارننگ دے دی۔وزیراعلی مریم نواز نے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب کا جو کنٹریکٹر معیاری کام نہیں کرے گا اس کی ادائیگی فوری طور پر معطل ہوگی، صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹ دوبارہ کرنے پر غور ہوگا۔انہوں نے پنجاب کی ہر شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کے لئے کوڑے دان کی صفائی اور ویسٹ انکلوژر بنانے کا حکم دیا ہے اور شہروں کا ماحول صاف اور خوشگوار رکھنے کے لئے ویسٹ انکلوژرکے گرد چاردیواری بنا کر مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس حوالے سے ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب بھر میں کوڑے دان روزانہ دھوئے جائیں،صفائی میں ذرا سی کوتاہی بھی برداشت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ پارکنگ ایریاز، بس سٹینڈز، اڈوں اور تمام پبلک مقامات کی مثالی صفائی کا حکم دیا گیا ہے، پنجاب کے ہر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی صفائی اور گرین بیلٹ کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات کے احکامات جاری کئے ہیں، ہر چھوٹے بڑے شہر میں گرین بیلٹس کی مرمت، باقاعدہ شجرکاری اور گھاس وغیرہ لگوانے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہونے والی ہلاکتوں کے واقعات روکنے میں ناکامی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سخت سرزنش کی، بعض اضلاع کے چند سرکاری ہسپتالوں میں پوری طرح فری میڈیسن نہ ملنے کا بھی سخت نوٹس لیا گیا ہے۔پنجاب میں تجاوزات کے مستقل خاتمے کیلئے اب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24/7 مانیٹرنگ ہوگی، جس سے پنجاب میں غیر قانونی قبضے اور غیرقانونی تعمیرات لمحوں میں ڈیجیٹل ریکارڈ پر آئیں گی۔پنجاب میں آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کرنے والی ریڑھیاں فوری ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ مارکیٹ انتظامیہ سے تحریری طور پر یقینی دہانی لینے کی سخت ہدایت جاری کی گئی ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کے ساتھ گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی، اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں کی حفاظت اور دیکھ بھال ضروری قرار دی ہے۔بازاروں میں لٹکتے ہوئے خطرناک بجلی کے تار فوری درست کرانے کا حکم دیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ بجلی کمپنی کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں