ضمنی الیکشن میں آزاد امیدواروں کو شکست،فیصل آباد کی پانچوں سیٹیں ن لیگ نے جیت لیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاریخ کے واحد ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ آزاد امیدواروں کیساتھ تھا، تاہم فیصل آباد قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بھاری مارجن سے کامیاب ہو گئے، امیدواروں کے ڈیروں پر جشن کا سماں’ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے’ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ تاہم پولنگ کا عمل پُرامن طریقے سے ہوا، کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ تاہم سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کیساتھ ساتھ رینجرز نے بھی فرائض سرانجام دیئے۔ ریٹرننگ افسران نے غیر حتمی’ غیر سرکاری کا مجموعی فارم 47 جاری کر دیا۔ جس کے مطابق فیصل آباد کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 115 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار میاں طاہر جمیل نے 49046 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار محمد اصغر ملک 1,898 ووٹ لیکر دوسرے’ احمد طارق چیمہ 1729 ووٹ لیکر تیسرے’ شفقت رسول کو 136 اور عوامی جسٹس پارٹی پاکستان کے سہیل کاشف کو 74ووٹ مل سکے۔ پی پی115 میں کل ووٹرز 2,34,724 ووٹرز میں سے 53,356 ووٹرز نے اپنا حق رائے استعمال کیا، 473 ووٹ مسترد ہوئے، اسطرح ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 22.73 فیصد رہی۔ حلقہ پی پی116 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار رانا احمد شہریار خاں 48824 ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے جیت گئے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ملک اصغر علی قیصر 11429 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، خواجہ اسد اعجاز 1158 ووٹ لیکر تیسرے’ عبدالرشید کو 832′ سرمد فضل حسین کو 193′ پاکستان نظریاتی پارٹی کے بلال حسن کو 168اور اقراء ثناء کو 94ووٹ ملے۔ حلقہ پی پی116 میں کل ووٹرز 2,76,687 میں سے 63,471 ووٹرز نے ووٹ ڈالا جبکہ 773ووٹ مسترد کئے گئے اسطرح 62,698 ووٹ درست قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 22.94 فیصد رہا۔ فیصل آباد شہر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے104 میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار راجہ دانیال احمد 52,791 ووٹ لیکر ممبر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید 19,262 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ دیگر آزاد امیدواروں میں شکیل حسین کو 308′ صوبہ خان ایس کے عامر چدھڑ کو 288 اور وحید احمد کو 179ووٹ مل سکے۔ حلقہ این اے 104 میں کل ووٹرز کی تعداد 5,57,637 میں سے 73,781 ووٹرز نے ووٹ ڈالا جس میں سے 953 ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔ اس طرح کل ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 72,828 رہی۔ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 13.23 فیصد رہی۔ حلقہ پی پی98 چک جھمرہ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار آزاد علی تبسم 44,386 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے، جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار محمد اجمل چیمہ 35,246 لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ آزاد امیدوار وسیم اکرم 24,098 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ دیگر آزاد امیدواروں میں آصف شہزاد تبسم کو 56، شیرافگن کو 40، قمر محمود کو 407′ محمد عامر نواز کو 197اور وسیم الحسن کو 456ووٹ ملے۔ حلقہ پی پی98 میں 2,98,690 ووٹرز میں سے 1,06,658 ووٹرز نے اپنا حق رائے استعمال کیا۔ 1770 ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔ اسطرح ڈالے گئے درست ووٹوں کی تعداد 104,888 تھی اور ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 36.82 فیصد رہی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 96 میں 16امیدواروں کے مابین مقابلہ تھا اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محمد بلال بدر 93,009 ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ملک نواب شیر وسیر 43,025 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اور آزاد امیدوار ارشد محمود 9388 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے جبکہ دیگر آزاد امیدواروں میں رائے اعجاز حسین کو 78، رائے ضرغام شہادت کو 216، رائے وقاص اسلم کو 167، سید آصف علی شاہ بخاری کو 1236′ شاہد اقبال اعوان کو 88، عرفان شاہد وسیر کو 104′ عذرا پروین کو 316′ محمد اشرف چوہدری کو 68، عاصم افضل کو 1160′ عامر حفیظ کھوکھر کو 1211′ محمود احمد کو 976′ نزاکت علی کو 1472 اور وقاص شہزاد کو 114ووٹ ملے۔ حلقہ این اے 96 میں کل ووٹرز کی تعداد 5,87,124 تھی، جن میں سے 1,55,363 ووٹرز نے ووٹ ڈالا جبکہ 2735ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔ اسطرح ڈالے گئے درست ووٹرز کی تعداد 1,52,628 رہی اور ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 26.46 فیصد رہی۔ موجودہ ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ آزاد امیدواروں سے رہا، کسی بھی تنظیم سیاسی جماعت نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا اور فیصل آباد کے دو قومی اسمبلی اور 3صوبائی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کے ڈیروں پر جشن کا سماں، نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے، مٹھائیاں تقسیم کرتے رہے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں