مریم مختیار کی10 ویں برسی آج

لاہور(بیوروچیف) جان کی قربانی دے کر جرأت و بہادری کی تاریخ رقم کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختیار کی دسویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔مریم مختیار 18مئی 1992 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور انٹرمیڈیٹ کا امتحان آرمی پبلک سکول و کالج ملیر کینٹ سے پاس کیا، مریم فٹبال کی بہترین کھلاڑی تھیں، انہوں نے نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں بلوچستان یونائیٹڈ کی نمائندگی بھی کی، سال 2014 میں مریم مختیار پاکستان ایئر فورس میں بطور گریجویٹ شامل ہوئیں۔پاکستان کی اس بہادر بیٹی کا تعلق پی اے ایف کے 132ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے تھا جس میں 6دیگر خواتین بھی شامل تھیں، مریم مختیار کا شمار پاک فضائیہ کے جنگجو پائلٹس میں ہوتا تھا۔ 24نومبر 2015 کو تربیتی طیارے پر معمول کی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب جہاز میں فنی خرابی ہوئی تو بہادر مریم نے جہاز کا رخ غیر آباد علاقے کی طرف موڑ لیا مگر زندگی نے مہلت نہ دی اور انہوں نے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والی پاک فضائیہ کی پہلی فائٹر پائلٹ کا اعزاز حاصل کیا۔شہید پائلٹ مریم مختیار کراچی ملیر کینٹ کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئیں، قوم کی اس نڈر اور دلیر بیٹی کو تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں