8بازاروں میں زیر زمین بجلی کی لائنیں بچھانے کا کام جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)بجلی کی قابل بھروسہ اور بلا تعطل فراہمی کیلئے مارچ تک موجودہ سسٹم کی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ ساتھ اضافی ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا جائے گا تاکہ آئندہ موسم گرما کے دوران صارفین کو کم سے کم لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے۔ یہ بات فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر پنوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ وہ فیسکو سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے تیار ہیں جبکہ کوئہ نور سٹی کے مسائل کے حل کے بعد کوئی قابل ذکر مسئلہ زیر التواء نہیں۔ انہوںنے بتایا کہ اندرون شہر آٹھ بازاروں میں زیر زمین لائنیں بچھانے کا کام جاری ہے جس سے حفاظتی انتظامات بہتر ہونے اور چوری کے امکانات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ نظام بھی قابل بھروسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 500KV کے گرڈ سے صورتحال میں واضح بہتری آئے گی۔ اس کے سرکٹ بنا لئے ہیں۔ باقی رہ جانے والے دو سرکٹ بھی کل تک چالو ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر سولر کی وجہ سے بجلی کی طلب میں کمی کے باوجود فیسکو پر کوئی فرق نہیں پڑا۔انہوں نے بتایاکہ سولر کی وجہ سے دن کے وقت بڑی مقدار میں بجلی کو سسٹم میں داخل کرنا اور شام کو نکالنا بہت بڑا کام ہے تاہم فیسکو نے اس حوالے سے بھی اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا اور اس وقت اُن کی پوری توجہ بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی پرہے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت 46روپے تھی جو کم ہو کے 40.30روپے پر آگئی ہے اور توقع ہے کہ سسٹم میں بہتری سے اس کی قیمت مزید کم ہو گی۔ ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر کے حوالے سے انجینئر محمد عامر نے بتایاکہ اس سے فوری ریڈنگ مل جائے گی اور زائد بلنگ کی شکایات بھی کم ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں