فیصل آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ شہر کے پارکوں کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ بنانے کے لئے سرگرم ہے۔اس ضمن میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کے زیراہتمام شہر کے 25 پارکس کو سہولیات سے آراستہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ قاسم پارک گلبرگ،جناح پارک مدینہ ٹان،ربانی پارک،لیڈی پارک شاداب کالونی،محمدی پارک گلستان کالونی،80 مربع پارک،محمدی پارک شیخ کالونی،پارک پرتاب نگر،مین پارک جوہر کالونی،عثمانیہ پارک سمن آباد،مدنی پارک مدینہ ٹان،علی پارک ڈی ٹائپ کالونی،الہی پارک ڈی ٹائپ کالونی،خواجہ اسلام پارک رضا آباد،ہجری پارک جڑانوالہ روڈ،ریاض پارک علامہ اقبال کالونی،رحمانیہ پارک علامہ اقبال کالونی،محفوظ پارک بٹالہ کالونی،نیشنل پارک پیپلز کالونی1،حاجی پارک ناظم آباد،پینٹو پارک وارث پورہ،مسلم پارک پیپلز کالونی نمبر2،ابوبکر پارک شیخ کالونی،عبداللہ پارک جناح کالونی اور اسلام نگر پارک میں چاردیواری اورآہنی گرل کاپینٹ ورک،گیٹس کی تنصیب،بینچزکی مرمت،الیکڑک ومکینیکل اور ہارٹیکلچر ورک پر باقاعدہ کام یکم دسمبر سے شروع ہوگا۔کمشنر نے 75 لاکھ روپے کی لاگت سے25 پارکوں میں سہولیات کی فراہمی کا ٹاسک30 جنوری 2026 تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے فنڈز کے اجرا پر مزید پارکوں میں بھی عدم دستیاب تفریحی سہولیات کویقینی بنایا جائے گا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔




