پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان

اسلام آباد(بیوروچیف)پاکستان میں یکم دسمبر2025ء سے اگلے15روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔صنعتی اور سرکاری ذرائع کے مطابق یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات میں فی لیٹر 6.35 روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔متوقع ریلیف کا سبب عالمی سپلائی میں اضافہ بتایا جا رہا ہے، جو خلیجی خطے کے سب سے بڑے ریفائننگ کمپلیکس میں سے ایک، کویت کی الزور ریفائنری کی متعدد یونٹس کی بحالی کے بعد ممکن ہوا ہے۔13 دن کے ڈیٹا پر مبنی ابتدائی حساب کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3.70 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 265.45 روپے سے کم ہوکر 261.75 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔دوسری جانب ہائی ا سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4.28 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد قیمت 284.44 روپے سے کم ہو کر تقریبا 280.16 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے۔ مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمت میں معمولی کمی متوقع ہے، یعنی 0.73 روپے کی کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 194.34 روپے سے کم ہو کر اندازا 193.61 روپے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں سب سے زیادہ کمی متوقع ہے، 6.35 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی قیمت 170.80 روپے سے کم ہو کر 164.45 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں