ڈاکٹر عبیرہ ملک چناب کلب کی پہلی خاتون سیکرٹری منتخب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈاکٹر عبیرہ حلیم اسلم ملک سب سے زیادہ ووٹ لیکر پہلی خاتون سیکرٹری چناب کلب منتخب ہو گئیں، چناب کلب میں جشن کا سماں، کامیاب امیدواروںکے حامیوں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص اور خوب گہما گہمی رہی۔ چناب کلب کے سالانہ انتخابات 2026کیلئے ایگزیکٹو کی 5نشستوں پر 10امیدوار مد مقابل تھے۔ چناب کلب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیکرٹری کے براہ راست انتخاب کی بجائے سب سے زیادہ ووٹ لینے والا سیکرٹری چناب کلب بنے گا۔ گزشتہ روز چناب کلب میں پہلی مرتبہ الیکٹرنک ووٹنگ ہوئی اور 4500کے لگ بھگ ممبران میں سے3ہزار سے زائد ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اور سب سے زیادہ ڈاکٹر عبیرہ حلیم اسلم ملک1939ووٹ لیکر چناب کلب کی پہلی خاتون سیکرٹری منتخب ہوئیں جبکہ ان کے مد مقابل شکیل انور نے 1884، مزمل سلیم نے1819، میاں نعیم احمد نے1658 اور شیخ خرم شفیق 1589ووٹ لیکر ایگزیکٹو ممبران منتخب ہوئے جبکہ مظہر نسیم ورک 1519ووٹ، سابق ایس ایس پی نعیم عزیز سندھو 1244ووٹ، رومانہ صلاح الدین1130ووٹ، ڈاکٹر محمد دل آویز مجاہد 852ووٹ اور منیر احمد 504ووٹ حاصل کر کے بھی ہار گئے۔ ووٹنگ کا عمل انتہائی پر امن ماحول میں ہوا اور پہلی مرتبہ چناب کلب میں الیکٹرانک ووٹ ڈالے گئے اور چناب کلب میں خوب گہما گہمی رہی۔ نتائج کا اعلان ہونے میں کامیاب امیدواریوں کے حامیوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ اور رات گئے تک چناب کلب میں جشن کا سماں رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں