راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)گرین شرٹس نے پاک سرزمین پر ہونیوالی پہلی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز اپنے نام کرلی، پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو6وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی جیتی۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان سری لنکن ٹیم کو 19اعشاریہ 1 اوورز میں 114 رنز پر آل آٹ کردیا۔ سری لنکا کی جانب سے کامل مشارا 59،کوشل مینڈس 14،پاتھم نسانکا 11،پون رتنائیکے 8، ونندو ہاسارنگا 5،داسن شانکا 2 ،کوشل پریرا 1 اور ماہیش ٹھیکشانانے بھی صرف 1 سکور کیا جبکہ جینتھ لیانگے ، دشمنتھا چمیرا اور ایشان ملنگا کھاتہ نہ کھول سکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 3، 3 ،ابرار احمد نے 2 جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستان نے 18اعشاریہ 4اوورز میں 118 رنز بنا کر ٹائٹل جیت لیا۔گرین شرٹس کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے پراعتماد انداز سے اننگز کا آغاز کیا، تاہم 46 کے مجموعی سکور پر صاحبزادہ فرحان 23 رنز بنا کر ملنگا کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، اس کے بعد 75 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 36 رنز بنا کر ہسارنگا کی بال پر ایل بی ڈبلیو آٹ ہوگئے ۔98 رنز پر کپتان سلمان آغا بھی 18 رنز بنا کر رتھنائیکے کی بال پر آٹ ہوگئے ، فخرزمان صرف 3 رنز بنا کر 104 کے مجموعی سکور پر رتھنائیکے کی گیند پر شناکا کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوگئے ۔ بابر اعظم 37اور عثمان خان 3 رنز پر ناٹ آٹ رہے ۔ پاکستان کے محمد نواز میچ اورسیریز کے بہترین کھلاڑی قرارپائے ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ، سری لنکن ہائی کمشنر اور ڈپٹی ہائی کمشنر نے بھی سٹیڈیم میں میچ دیکھا جبکہ محسن نقوی نے انعامات بھی تقسیم کئے اورٹیم کومبارکباددی۔میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ کے لیے اب پوری طرح تیار ہیں۔ یہ ہمارے لیے بہترین سیریز تھی۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے پہلے 15 لڑکوں کو تیار کرنا چاہتے تھے ، ہماری تیاری مکمل ہوگئی جبکہ سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ فائنل میں ہم نے سپنر کے خلاف اچھی بیٹنگ نہیں کی۔ سیریز سے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا موقع ملا ہے ۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے جیت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی، سری لنکا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں نے بھی پوری پاکستانی قوم کے دل جیت لئے ہیں، سیریز کا کامیاب انعقاد ہماری بہت بڑی کامیابی ہے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کامیابی پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی ٹیم کومبارکباددی ۔




