پٹرول،ڈیزل سستا،گڈزٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے آئندہ 15روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی،پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 2روپے کی کمی کی گئی جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 263روپے 45پیسے فی لٹر ہوگی۔ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4روپے 79پیسے کی کمی کے بعد 279روپے 65پیسے مقرر کی گئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیا۔دریں اثنائ۔کراچی(بیوروچیف) پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 3فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی امید ہے۔ملک شہزاد اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس اور ٹول ٹیکس میں بھی کمی کا اعلان کرے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے نئے آرڈیننس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قانون کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، آرڈیننس کی آڑ میں ٹریفک پولیس اور وارڈن پولیس ٹرانسپورٹرز کے ساتھ زیادتیاں کر رہی ہے۔ملک شہزاد اعوان نے دعوی کیا ہے کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں پر بلاجواز ایف آئی آرز اور بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں جس کے باعث ٹرانسپورٹرز جلد ہی اپنی گاڑیاں بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں