شہری حدود میں مویشیوں کے انخلاء کیلئے آپریشن کی تیاریاں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ستھرا وسرسبز پنجاب کے تحت مویشیوں کے شہری حدود سے باہر منتقلی کا آغاز کل سے ہو گا۔ حکومت پنجاب نے شہری آبادی میں مویشی رکھنے سے صفائی ستھرائی’ بیماریاں پھیلنے’ ٹریفک میں رکاوٹ’ سیوریج سسٹم میں خرابی پیدا ہوتی ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نے حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت شہری حدود میں رکھے جانے والے مویشیوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا اور اس کا باقاعدہ کل سے آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق شہری حدود میں بڑے پالتو جانور یا مویشی رکھنا جرم ہے جس کے مطابق کوئی بھی شہری گائے’ بھینس’ بیل’ اونٹ’ گدھے’ گھوڑے رکھنے کی اجازت نہیں۔ ایسے جانوروں کو فوری طور پر رہائشی علاقوں سے باہر منتقل کر دیں، خلاف ورزی کی صورت میں تھانہ کی سطح پر کارروائی’ جرمانہ اور مویشی ضبطگی بھی ہو گی جبکہ چھوٹے گھریلو پالتو جانور’ کتا’ بلی’ خرگوش’ مچھلی’ پنچھی یا پالتو چھوٹی نسل کے جانور رکھنے کی اجازت ہے لیکن وہ عوام یا ہمسائے کیلئے تکلیف کا باعث نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پالتو یا بڑے جانور’ ڈیری فارم’ مویشی فارم’ دیہاتی علاقے حکومت کے رجسٹرڈ شیڈ’ شہر سے باہر قائم لائیو سٹاک کے منظور شدہ مقامات پر رکھے جا سکتے ہیں لیکن کوئی بھی رہائشی’ کمرشل یا شہری علاقے میں مویشی رکھنے کیلئے ممنوع ہے۔ شہری علاقوں میں ہائوسنگ سوسائیٹیاں’ کچی آبادیاں’ بازار’ گلیاں’ پارکس’ کھلی جگہیں’ پلاٹس’ سرکاری زمین’ کسی بھی جگہ بڑے جانور رکھنا ممنوع ہے۔ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کیساتھ ساتھ 10ہزار’ 50ہزار جرمانہ ہو گا۔ بار بار خلاف ورزی پر جانور ضبط اور اس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج ہو گا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں مویشی رکھنے سے گندگی پھیلتی ہے۔ نالے بند’ بدبو اور بیماریاں پھیلتی ہیں۔ جانوروں کے باڑے گندے پانی’ گوبر اور خوراک کے باعث مچھروں کی افزائش کا ذریعہ بھی ہے۔ سڑکوں’ گلیوں میں آزاد پھرنے والے جانور حادثات کا باعث بنتے ہیں۔ بچے’ بوڑھے’ خواتین جانوروں کے حملوں یا ڈر کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں۔ حکومت پنجاب نے پولیس’ پیرافورس اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کو مشترکہ آپریشن کے احکامات جاری کر دیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں