پی آئی اے کی نجکاری رواں ماہ ہونے کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) پی آئی اے کی نجکاری کے لیے وسط دسمبر کی تاریخ مقرر، وزیراعظم آج پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کی میزبانی کریں گے۔ پاکستان بالآخر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی طویل عرصے سے زیر انتظار نجکاری کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے اور بولی جمع کرانے کا مرحلہ دسمبر کے دوسرے ہفتے میں مقرر کیا گیا ہے۔ باخبر حکام نے اس نمائندے کو بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اسی سلسلے میں تمام پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کو آج وزیراعظم ہائوس میں ایک ظہرانے پر مدعو کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام اس بات کی علامت ہے کہ حکومت اس تاریخی معاملے کو مکمل کرنے کے لیے اپنی اب تک کی سب سے مضبوط کمٹمنٹ ظاہر کر رہی ہے۔ بولی کا عمل 12سے 15دسمبر 2025کے درمیان متوقع ہے۔ ظہرانے کے دوران وزیر اعظم سے توقع ہے کہ وہ پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کا شکریہ ادا کریں گے اور اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور قابلِ پیش گوئی کاروباری ماحول کو برقرار رکھتے ہوئے اسٹریٹجک شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے گی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، محمد علی، نے قومی پرچم بردار ایئرلائن کی فروخت کے لیے بڑے کاروباری گروپس کو ساتھ لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں