کھجور کے صحت کیلئے بہترین فوائد

کراچی ( بیو رو چیف )کھجوریں سارا سال آسانی سے دستیاب ہوتی ہیں اور اس کی متعدد اقسام ہوتی ہیں۔یہ تازہ اور خشک دونوں شکلوں میں دستیاب ہوتی ہیں اور ہم لوگ زیادہ تر خشک کھجوریں ہی استعمال کرتے ہیں۔کھجوروں میں قدرتی شکر ہوتی ہے جس کے باعث خشک ہونے پر وہ زیادہ میٹھی ہو جاتی ہیں۔مگر میٹھا ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ آپ کے لیے نقصان دہ ہیں، درحقیقت اس پھل میں ایسے غذائی اجزا ء موجود ہوتے ہیں جن کی جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔100 گرام کھجوروں سے جسم کو کاپر، میگیشم، مینگینیز، پوٹاشیم، وٹامن بی 6، فائبر اور آئرن سمیت متعدد غذائی اجزا جسم کو ملتے ہیں۔امریکا کے کلیو لینڈ کلینک نے کھجوروں کے استعمال سے صحت کو ہونے والے 6 فوائد کے بارے میں بتایا ہے جو درج ذیل ہیں۔تحقیقی رپورٹس میں فائبر سے صحت کو ہونے والے فوائد کو ثابت کیا گیا ہے۔اس پھل کو کھانے نظام ہاضمہ کو فائدہ ہوتا ہے، قبض سے بچنے میں مدد ملتی ہے جبکہ آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں جس سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔کھجوروں میں ایسے نباتاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسم میں اینٹی آکسائیڈنٹس کا کام کرتے ہیں۔اینٹی آکسائیڈنٹس ہمارے جسم کے اندر خلیات کو مضر مواد سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق اینٹی آکسائیڈنٹس سے آٹو امیون امراض، کینسر، امراض قلب اور دیگر سے متاثرہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔تحقیقی رپورٹس میں کھجوروں کو دماغی افعال کے لیے بہترین قرار دیا گیا ہے۔اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہونے کی وجہ سے اس پھل سے دماغی ورم گھٹ جاتا ہے جس سے مختلف امراض سے تحفظ ملتا ہے۔چوہوں پر ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھجوریں کھانے سے انزائٹی سے بچنے میں مدد ملتی ہے، یادداشت بہتر ہوتی ہے جبکہ دماغ کے لیے کچھ نیا سیکھنا آسان ہو جاتا ہے۔نباتاتی مرکبات عمر کے اضافے سے جِلد پر مرتب ہونے والے اثرات کی روک تھام کرتے ہیں۔کھجوروں میں موجود نباتاتی مرکبات اس حوالے سے بہتر ہوتے ہیں۔ان مرکبات سے جھریوں کو ابھرنے سے روکنے یا ان کے حجم میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔چینی کا استعمال کم کرنا چاہتے ہیں تو کھجوریں اس کا بہترین متبادل ثابت ہوسکتی ہیں۔چینی کے کم استعمال کا مطلب یہ ہے کہ ہائی بلڈ شوگر اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنا آسان ہو جاتا ہے۔کھجوریں فاسفورس، کیلشیئم اور میگنیشم سمیت متعدد منرلز سے لیس ہوتی ہیں اور یہ سب عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں میں آنے والی کمزوری کی روک تھام کے لیے اہم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں