بارشیں اور برفباری کب …!

اسلام آباد (بیوروچیف) موسمیاتی ماہرین نے خوشخبری سنائی ہے کہ سردیوں کی بارشوں اور برفباری کی واپسی میں اب زیادہ دیر نہیں، دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں دوبارہ بارشوں کی واپسی کے امکانات موجود ہیں۔رپورٹس کے مطابق زیادہ تر قابلِ اعتماد موسمیاتی ماڈلز یہ دکھا رہے ہیں کہ ایک کے بعد ایک مغربی ہوا کا سلسلہ پاکستان تک پہنچنے کا امکان ہے، جو دسمبر کے وسط کے بعد ملک میں نہایت ضروری بارشیں اور برفباری لے کر آئے گا۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایاکہ موجودہ وقت میں زیادہ تر ماڈلز اس بات پر متفق ہیں کہ 18 تا 20 دسمبر 2025 کے دوران ایک اچھا اور ملک گیر مغربی سلسلہ پاکستان میں داخل ہو سکتا ہے، تاہم یہ ایک طویل المدت پیشگوئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں تبدیلی آ سکتی ہے۔یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس موسمِ سرما کے آغاز سے ہی بیشتر اپڈیٹس میں بتایا گیا تھا کہ اس سال لا نینیا پیٹرن کی وجہ سے موسمِ سرما کی بارشیں معمول سے کم رہیں گی، تاہم دسمبر کے وسط تک یہ پیٹرن کمزور ہونا شروع ہوگا اور دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں دوبارہ بارشوں کی واپسی کے امکانات موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ حتمی پیشگوئی نہیں، بیشک سب کچھ اللہ کے حکم اور علم میں ہے، یہ صرف ایک ممکنہ صورتحال ہے جس کی پاکستان میں آئندہ دنوں میں توقع کی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں