مبینہ مقابلے میں ریکارڈ یافتہ جنسی درندہ زحمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ بلوچنی کے علاقہ 90رب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ”جنسی درندہ” کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مضروب کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ بلوچنی سب انسپکٹر عدیل مصطفی نے بتایا کہ اے ایس آئی جاوید انور اپنے ماتحت ملازمین کے ہمراہ کم سن بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے درندہ صفت ملزم ریاض عرف راجو ولد نذیر احمد سکنہ 91 رب کو اسلحہ کی برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے جب وہ سیم پل 90رب کے قریب پہنچے دو موٹرسائیکل پر سوار 4مسلح افراد نے ملزم ریاض عرف راجو کو چھڑانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور ملزم کو پولیس حراست سے چھڑا لیا۔ پولیس مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ بلوچنی سب انسپکٹر عدیل مصطفی’ ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ نصراﷲ چھٹہ اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ جس پر پولیس پارٹی نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو زیرحراست ملزم ریاض عرف راجو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو چکے تھے۔ پولیس نے ملزم کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ جنسی درندہ کے خلاف تھانہ کھرڑیانوالہ میں 5کم سن بچے اور بچیوں کو ہوس کا نشانہ بنانے سمیت متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں