معاملات طے ‘ہڑتال موخر،سرکلرروڈ کی تمام دکانیں غیر قانونی قرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اور تاجروں کے مابین معاہدہ طے پا گیا، تاجر تنظیموں نے کل 15دسمبر بروز سوموار کو ہونے والی ہڑتال کی کال واپس لے لی۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصل آباد اور تاجر رہنما وسابق ایم این اے میاں عبدالمنان’ تاجر تنظیموں کے رہنمائوں’ سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ’ انجمن تاجران سٹی (رجسٹرڈ) فیصل آباد کے چیئرمین خواجہ شاہد رزاق سکا’ سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین محمد اسلم بھلی اور تاجران سرکلر روڈ کے مابین اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے آفس میں اہم میٹنگ ہوئی۔ جہاں پر دونوں فریقوں کے مابین معاہدہ طے پایا جس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے تاجر رہنمائوں کو آگاہ کیا کہ سرکلر روڈ کی جتنی بھی دکانیں ہیں وہ سرکاری جگہ پر غیر قانونی تعمیر شدہ ہیں۔ اس جگہ پر آپ لوگوں کا کوئی استحقاق نہیں بنتا۔ اس لئے آپ کو یہ جگہ خالی کرنا پڑے گی جس پر تاجر راہنمائوں نے استدعا کی کہ ہم اس جگہ پر عرصہ 50/60 سال سے کاروبار کر رہے ہیں۔ جس کی رجسٹریاں ہمارے پاس موجود ہیں جسکی رو سے ہم اراضی کے مالک ہیں۔ مہربانی فرما کر اگر آپ کو یہ جگہ چاہیے تو اس کے متبادل ہمیں جگہ الاٹ کی جائے۔ جس جگہ پر ہم اپنا کاروبار کرسکیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے کہا کہ پہلے آپ لوگوں کو متبادل جگہ دی جائے گی جب آپ لوگوں کو متبادل جگہ مل جائے گی تو آپ اس جگہ کو خودبخود چھوڑ دینگے اور کوئی مزاحمت نہ کرینگے اور اس وقت تک آپریشن موخر رہیگا۔ جس پر تاجر رہنمائوں نے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ہمیں یہ شرط منظور ہے۔ جس پر ضلعی انتظامیہ اور تاجر رہنمائوں کے مابین معاہدہ طے پا گیا تو تاجر تنظیموں نے کل ہونے والی ہڑتال موخر کر دی اور اس کا اعلان آج 2بجے دوپہر چوک گھنٹہ گھر میں تاجر تنظیمیں پریس کانفرنس میں کرینگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں