سرکلر روڈ کے تاجروں کاہائیکورٹ سے رجوع کافیصلہ،ستیانہ روڈ پر بھی آپریشن کی تیاریاں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرکلر روڈ کے تاجروں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دکانیں گرائے جانے کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دیکر ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ستیانہ روڈ پر بھی نشانات لگا دیئے گئے جس کے بعد تاجروں میں خوف وہراس پھیل گیا، شہر میں کشیدگی کا خطرہ بڑھ گیا۔ تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور تاجر تنظیموں کے مابین طے پائے جانے والے معاہدہ میں ضلعی انتظامیہ نے سرکلر روڈ کی دکانوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کرنے کا عندیہ دیا جبکہ سرکلر روڈ کے تاجروں کو متبادل جگہ دینے کے بعد آپریشن کیا جائے گا تاہم سرکلر روڈ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ عرصہ 50سال سے کاروبار کر رہے ہیں اور ان کے پاس رجسٹریاں موجود ہیں، دکانوں کو مسمار کرنے کا عندیہ دینے پر سرکلر روٍڈ کے تاجروں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے فنڈریزنگ کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے ستیانہ روڈ کی دکانوں کو مسمار کرنے کیلئے ریڈمارکنگ کر دی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے نشانات لگائے جانے پر ستیانہ روڈ کے تاجروں میں بھی خوف وہراس پھیل گیا اور شہر بھر میں مزید کشیدگی کا خطرہ پیدا ہو گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں