ب فارم میں تاریخ پیدائش تبدیل کرانے کا طریقہ

اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ب فارم پر تاریخ پیدائش میں ترمیم کروانے کی سہولت فراہم کر دی۔ب فارم، جسے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (CRC)بھی کہا جاتا ہے، پاسپورٹ حاصل کرنے سکول میں داخلے اور بچوں کے بین الاقوامی سفر کے لیے ایک ضروری دستاویز ہے۔ نادرا نے اپنے آن لائن سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا ہے جس سے والدین نادرا دفاتر کا دورہ کیے بغیر ب فارم کیلیے درخواست دے سکتے ہیں۔طویل قطاروں کو ختم کرتے ہوئے اور رجسٹریشن کے عمل کو آسان بناتے ہوئے اب پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔آن لائن رجسٹریشن کے علاوہ نادرا نے ب فارم پر تاریخ پیدائش درست کرنے کا طریقہ کار بھی واضح کر دیا۔سوشل میڈیا پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں نادرا نے کہا کہ اگر کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ب فارم جاری کیا گیا ہے تو والدین کو پہلے متعلقہ یونین کونسل کی طرف سے تاریخ پیدائش کی درستگی کرنی ہوگی۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ شہری صحیح تاریخ پیدائش کے درست ثبوت کے ساتھ نادرا رجسٹریشن سینٹر جا سکتے ہیں۔ قابل قبول دستاویزات میں اصل سفری دستاویزات، تعلیمی سرٹیفکیٹ، سروس ریکارڈ یا میڈیکل ریکارڈ شامل ہیں۔نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی تصحیح کی درخواست دینے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام دستاویزات درست اور تصدیق شدہ ہوں تاکہ کارروائی میں تاخیر سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں