بجلی سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد(بیوروچیف) ملک بھر کے صارفین کے لئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے دائر کی گئی درخواست منظور ہونے کی صورت میں نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 72 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کی توقع ہے، سی پی پی اے نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی ہے۔درخواست پر نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 31دسمبر کو سماعت کرے گی۔درخواست میں بتایا گیا ہے کہ نومبر کے مہینے میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 7ارب 81کروڑ 30لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، نیپرا میں دی گئی دستاویزات کے مطابق نومبر میں بجلی کی فی یونٹ لاگت 6 روپے 16 پیسے رہی۔دستاویزات میں مزید بتایا گیا کہ بجلی کی پیداوار میں مختلف ذرائع کا استعمال کیا گیا، نومبر کے دوران 39.16 فیصد بجلی پانی سے پیدا کی گئی، 9.34 فیصد مقامی کوئلے، 5.06 فیصد درآمدی کوئلے، 8.44 فیصد گیس، 8.64 فیصد درآمدی ایل این جی اور 25.23 فیصد بجلی جوہری ایندھن سے حاصل کی گئی۔نیپرا کی جانب سے درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین کو 72 پیسے فی یونٹ بجلی سستی ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں