ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت4افرادجاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف ٹریفک حادثات میں میاں بیوی سمیت چار افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق پہلا حادثہ خانوآنہ بائی پاس چوک سے روشن والا روڈ پر 237 رب کھڈیاں وڑائچاں کے قریب پیش آیا جہاں پر 302 گ ب ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی 40سالہ ابرار اصغر ولد اصغر علی اپنی اہلیہ 35سالہ شگفتہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ کھڈیاں وڑائچاں کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے گر کر بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے اور حادثہ کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا۔ جبکہ دوسرا حادثہ تھانہ بلوچنی کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر 70رب کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے لوڈر رکشہ کا ڈرائیور شہزاد ولد بوٹا سکنہ حق باہو چوک زندگی کی بازی ہار گیا۔ علاوہ ازیں تیسرا حادثہ سمندری کے علاقہ 486 گ ب کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی اور شہ زور ڈالہ میں تصادم ہوا تو شہ زور ڈالہ کا ڈرائیور طارق محمود سکنہ 203 رب شکیل پارک بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں اور حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں