پارکنگ کا مسئلہ حل،6روڈز کو ریڑھتی فری بنایا جائیگا،راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور سے فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل کے عہدیداران نے صدر فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل تنویر شوکت (روزنامہ غریب)کی سربراہی میں ملاقات کی۔سیکرٹری جنرل سید منیر جیلانی (روزنامہ پیغام) ، ہمایوں طارق(ڈیلی بزنس رپورٹ)، حاجی محمد اسلم (ڈیلی یارن)، میاں مجیرالشریف (روزنامہ واقف)،اصغر علی تبسم(روزنامہ نیا اجالا)،میاں محمد سعید (روزنامہ فیصل آباد رپورٹ)، الحاج محمود بیگ (ڈیلی رپورٹ)،ڈاکٹر زبیر محمود(روزنامہ صورت حال)، حمید شاکر (لائلپور رپورٹ)،مہتاب شیروانی (روزنامہ فوری ایکشن)، عبید علیم (روزنامہ ملت)، عبداللہ (روزنامہ تجارتی رہبر)اورجمال عبدالناصر(ویکلی خورشید جہاں) شریک جبکہ ڈائریکٹر تعلقات عامہ مقبول احمد ملک بھی موجود تھے۔صدر فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل تنویر شوکت نے ڈویژن کی تعمیر وترقی،عوامی مسائل کے حل،عوامی بہبود سمیت دیگر اقدامات پر موثر عملدرآمد کے سلسلے میں کمشنر راجہ جہانگیر انور کے جاری اقدامات کو زبردست انداز میں سراہا۔ایڈیٹرز کونسل کے عہدیداران نے پارکنگ سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی کی۔کمشنر فیصل آباد نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو مقامی اخبارات میں نمایاں کوریج دینے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فیصل آباد میں عنقریب80،ارب روپے کی خطیر لاگت سے میٹرو بس پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔اس پراجیکٹ کے تحت جھنگ روڈ سے جڑانوالہ روڈ تک روزانہ سیکڑوں مسافر معیاری،آرام دہ اور سہل سفری سہولیات سے مستفید ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ ماحول دوست 30الیکڑو بسیں پہلے ہی مختلف روٹس پر رواں دواں اور شہریوں کو سہولت فراہم کررہی ہیں،مزید60 الیکٹرو بسیں بھی جلد فیصل آباد آئیں گی جس سے شہر کے تمام روڈز پر شہریوں کو سہولت ملے گی۔کمشنر نے بتایا کہ شہر کے6 مرکزی روڈز کو ریڑھی فری روڈز بنارہے ہیں اور ان روڈز پر گھوم پھر کر روزگار کمانے والوں کو پرانی ریڑھی جمع اور ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی ریڑھی رجسٹرڈ کراکر ماڈل ریڑھی بازار میں شفٹ کرانے کے لئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں 13 مقامات پر ماڈل ریڑھی بازار قائم جبکہ7 نئے ریڑھی بازار31 جنوری 2026 تک مکمل فعال کردیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی80 سڑکوں پر پیچ ورک،لین مارکنگ،لائٹنگ،کروو سٹونز وسینٹر میڈینز کو پینٹ کرانے کے علاوہ ان کورڈ روڈ سائیڈ ڈرینز پر سلیب رکھنے کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔شہر کے پارکس کو مرحلہ وار تفریحی سہولیات سے آراستہ کررہے ہیں پہلے فیز میں 25 پارکوں کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ بنایا جارہا ہے جہاں پارک مینجمنٹ کمیٹی بھی تشکیل دے رہے ہیں۔کمشنر نے بتایا کہ شہر میں پارکنگ کے مسائل کے پائیدار حل کے لئے بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے لئے اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے جبکہ غیر قانونی پارکنگ سائٹس کا صفایا کرنے کے لئے سیکرٹری آرٹی اے اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو ٹاسک تفویض کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے نجات دلانے کے لئے بھی واسا کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ ویسٹ واٹر ٹریمنٹ کے میگا پراجیکٹ پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔کمشنر نے کہا کہ ایڈیٹرز کونسل کے عہدیداران سے قریبی رابطہ استوار رکھا جائے گا اور ان کی طرف سے نشاندہی کردہ عوامی مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔انہوں نے درپیش بعض مسائل کے حل کے لئے موثر اور قابل عمل حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے ڈویژن کو صوبہ کا مثالی ڈویژن بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں