ایشیاء کپ کی فاتح انڈر19کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی،ائیرپورٹ پر تاریخی استقبال

اسلام آباد(سپورٹس نیوز) پاکستان کی فاتح انڈر19کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی جہاں کھلاڑیوں کا ایئرپورٹ پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر استقبال کیا گیا۔ انڈر19ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دینے والی پاکستانی ٹیم پی آئی اے کی پرواز پی کے212سے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس دوران ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔چیئرمین پی سی بی نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50، 50 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے، فائنل میں کامیابی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے کھیل کی تعریف کی۔دبئی میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز سکور کیے، سمیر منہاس نے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے شاندار 172 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، اس کے ساتھ ہی سمیر ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر بھی قرار پائے۔پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آٹ رہے، بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ایونٹ کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی جانب سے ملنے والے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔بھارتی ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی کوئی خاطر خواہ پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے، سوریا ونشی 26، ارون پٹیل 19، ارون جارج 16 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ کنشک چوہان اور ویدانت چوہان 9، 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 4، محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں