ندیم صادق ڈوگرپنجاب اسمبلی میں فیصل آباد کے تاجروں کی آواز بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے ایم پی اے پی پی 113 سردار ندیم صادق ڈوگر پنجاب اسمبلی میں فیصل آباد کے تاجروں کی آواز بن گئے، پنجاب اسمبلی میں خطا ب کرتے ہوئے سردار ندیم صادق ڈوگر نے کہا کہ فیصل آباد کے آٹھ بازاروں میں حکومت نے پہلے تمام دکانوں سے بورڈ اتروا دیئے اور دکانداروں سے کہا گیا کہ تمام دکانوں پر ایک جیسے بورڈ لگائے جائیں تمام دکاندار وں نے 20 سے 30ہزار روپے خرچ کر کے بورڈ لگوائے اور اب حکومت نے نیا آرڈر جاری کر دیا ہے کہ یہ بورڈ ٹھیک نہیں، انہیں اتارا جائے۔ دوسری طرف آٹھ بازاروں کے داخلی راستوں کو بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ وہاں نہ کوئی موٹرسائیکل گزر سکتی اور نہ کوئی گاڑی جس کے باعث 8بازاروں کے ہزاروں دکانداروں کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ حکومت کو ایک بڑا ریونیو دینے والے تاجر پہلے ہی مہنگائی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سے پریشان ہیں۔ دوسری طرف آٹھ بازاروں کے داخلی راستوں کی بندش سے ان کے کاروبار نہ ہونے کے برابر ہیں۔ دکاندار سارا دن ہاتھ پر ہاتھ دھرے گاہکوں کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے جو اہلکار شہریوں کو داخلی راستوں پر روکتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ آٹھ بازاروں میں پارکنگ کی بہتری کیلئے کام کریں اور شہریوں کی بہتر طریقے سے گاڑیاں پارک کروائیں’ بیرون چنیوٹ بازار عرصہ سے پارکنگ پلازہ زیر تعمیر ہے اس کا ایک فلور تعمیر ہوا ہے باقی کام ادھورا پڑا، اس پلازہ کی تعمیر مکمل کی جائے اور جب تک یہ پلازہ تعمیر نہیں ہو جاتا اس وقت تک شہریوں اور دکانداروں کو آٹھ بازاروں کے اندر موٹرسائیکل اور گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ دکانداروں کا کاروبار چل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں