کار اور ایمبولینس میں تصادم،دادا ،پوتا جاں بحق،7افراد زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ پر مرحبا مارٹ کے سامنے تیز رفتار کار اور ایدھی ایمبولینس میں خوفناک تصادم کے باعث دادا پوتا جاں بحق’ ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 7افراد بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چک جھمرہ کے علاقہ محلہ قائدآباد کا رہائشی 35سالہ نوید احمد ولد ارشد بیگ اپنے والد ارشد بیگ’ والدہ آسیہ بی بی’ اہلیہ ثناء بی بی اور بچوں 2سالہ حذیفہ اور 2ماہ کا حنظلہ کے ہمراہ کار میں سوار ہو کر چک جھمرہ سے فیصل آباد آ رہے تھے جب وہ کینال روڈ پر مرحبا مارٹ کے سامنے پہنچے تو مخالف سمت سے آنیوالی ایدھی ایمبولینس سے ٹکرا گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی اور کار کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کار سوار زخمیوں کو نکال کر ہسپتال پہنچایا جا رہا تھا تو 65سالہ ارشد بیگ ولد اکرم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس کا دو ماہ کا پوتا حنظلہ ولد نوید احمد نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا جبکہ ایدھی ایمبولینس میں سوار 30سالہ شان ولد امانوئیل مسیح’ اس کا بھائی 31سالہ شین اعظم ولد امانوئیل اور 32عثمان ولد یونس کو بھی طبی امداد فراہم کی۔ تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں