مریم نواز کا فیصل آباد کیلئے ایک اور تحفہ،میٹروبس منصوبہ شروع کرنیکا اعلان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے دوسرے بڑے شہر مانچسٹر آف پاکستان فیصل آباد کیلئے الیکٹرو بسز کے بعد میٹروبس سروس منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس عظیم منصوبے پر 80 ارب سے 120 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب بہت جلد اس منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔ جس سے فیصل آباد کے باسیوں کو ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولیات حاصل ہونگی۔ اربوں روپے مالیت کے منصوبے پر شہری خوشی سے نہال ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کی تعمیر وترقی اور اس کو ٹرانسپورٹ کی جدید ترین اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ سروسز فراہمی کرنے’ میٹروبس منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ فیصل آباد میں الیکٹروبس کی سروس کا آغاز ہو چکا ہے جس سے شہری’ طالب علم’ بزرگ مرد وخواتین بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں میٹروبس منصوبہ کیلئے دو روٹس ریڈلائن اور اونج لائن روٹ بنائے گئے تھے اور ان روٹ پر گرین الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں جبکہ میٹروبس کے روٹ پر فلائی اوور تعمیر ہونگے جہاں پر میٹروبس رواں دواں ہونگی اور ایسے روڈز جن میں ستیانہ روڈ’ نڑوالا روڈ’ شیخوپورہ’ کینال روڈ پر میٹروبس کا روٹ نہیں ہو گا وہاں پر الیکٹرک بسیں اور لاہور طرز کی اے سی سٹینڈرڈ کی سپیڈوبسیں چلیں گی اور سپیڈوبسز فیصل آباد کے دیگر روڈز پر رہنے والوں کو میٹروبس کے روٹ تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریگی اور میٹروبس کی رائیڈر شپ میں اضافہ ہو گا۔ ذرائع کے مطابق میٹروبس منصوبہ کا روٹ زیادہ تر فلائی اوورز پر مشتمل ہوا تو میٹروبس فلائی اوورز سے گزرے گی اور میٹروبس کے نیچے اے سی سٹینڈرڈ سپیڈوبسیں چلیں گی اور الیکٹروبسز کو فیصل آباد کے دیگر روٹس پر رواں دواں کیا جائے گا۔ اس منصوبہ پر 80ارب روپے سے 120 ارب کی خطیرلاگت آئے گی اور عنقریب وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اس عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے فیصل آباد آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں