نارووال ( بیورو چیف)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جو جماعت پاکستانی اداروں کے خلاف بات کرے اس کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،پی ٹی آئی کا ایجنڈا صرف ملک اور فوج کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلانا ہے ،ہمیں ملکی معیشت کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑے لیکن آج پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطروال گائوں میں مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ نارووال کے شہریوں نے بدترین سیلاب کا سامنا کیا لیکن سیلاب یہاں کے لوگوں کا حوصلہ نہیں توڑ سکا،پاکستانی قوم ایک بہادر اور جفاکش قوم ہے،حکومت نے آفت میں لوگوں کی امداد کی ہر ممکن کوشش کی ،سیلاب کے بعد ہمارے کسانوں نے زمینوں کو دوبارہ ہرا بھرا کر دیا،سیالاب کے دوران تین ہزار ایکڑ پر کنولا بیچ مفت تقسیم کیا گیا،ملک میں خوردنی تیل کی پیداوار سے ملک کا زرمبادلہ بچے گا۔ انہوںنے کہاکہ 2018 میں سازش کے تحت ایک نا اہل شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا،اس شخص نے لوگوں کو جھوٹے خواب دکھائے،اس شخص کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا،(ن) لیگ کی حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،ہمیں ملکی معیشت کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑے آج پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا ہے ،ملک میں مہنگائی کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے،ملک میں کاروبار میں اضافے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے،ملک کی ساخت دنیا میں بہتر ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ فوج کے جوان ملک کی حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک اور فوج کے خلاف منفی مہم چلانا ہے ،جو جماعت پاکستانی اداروں کے خلاف بات کرے اس کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،عمران خان نے برطانیہ سے برآمد ہونے والے پیسے کو خزانے میں جمع کرنے کی بجائے اپنے دوست کو دے دیا،عمران خان سب سے بڑا چور اور ڈاکو ثابت ہوگیا ،صادق اور امین کہلانے والا خود چوری کی سزا کاٹ رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ قوم ملکی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ،مسلح افواج کی بہادری کی وجہ سے پاکستان کا جھنڈادنیا میں بلند ہو رہا ہے ،امریکہ کا صدر پاکستان کے وزیر اعظم اور سپہ سالار کی تعریف کر رہا ہے،پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت مل کر پاکستان کے دفاع اور ترقی کیلئے کام کر رہی ہے ،ہر ادارہ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے کام کر رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں سرمایہ کاری کا مرکز بنائیں گے،نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے کر جائیں گے۔




