FBRنے شوگر ملوں کی مانیٹرنگ ڈیوٹی سے غیر حاضر اہلکاروں کو معطل کردیا

اسلام آباد (بیورو چیف)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شوگر ملوں میں تفویض کردہ مانیٹرنگ ڈیوٹی سے بلااجازت غیر حاضر پائے جانیوالے چھ اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ اقدام فرائض میں غفلت کے خلاف ایف بی آر کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا حصہ ہے۔جار ی اعلا میہ کے مطابق مذکورہ اہلکاروں کو سیلز ٹیکس ایکٹ، 1990کی دفعہ 40Bکے تحت شوگر کی پیداوار کی موثر، شفاف اور بلا تعطل نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ ان کی غیر حاضری کا انکشاف لارج ٹیکس آفس لاہور کی جانب سے کی جانے والی معمول کی مانیٹرنگ کے دوران ہوا۔ایل ٹی او لاہور نے غفلت و لاپروائی کی سنگینی کے پیش نظر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی کارروائی شروع کرنے کی سفارش کی ہے۔ جواب دہی کو یقینی بنانے اور مانیٹرنگ کے عمل میں کسی بھی ممکنہ خلل سے بچنے کیلئے ان اہلکاروں کوفوری طورپرمعطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ایف بی آر اپنی تمام فیلڈ فارمیشنز میں نظم و ضبط، دیانتداری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، فرائض میں کسی بھی قسم کی غفلت، بدانتظامی یا تفویض کردہ ذمہ داریوں کی عدم تعمیل کرنے والوں سے قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں