پٹرول کی قیمت میں کم از کم 50روپے فی لیٹر کمی کی جائے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ ،جنرل سیکرٹری یاسرکھاراایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمت میں کم از کم 50 روپے فی لیٹر کمی کا فوری اعلان کرے۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کمترین سطح پرآگئی ہیں۔قیمتوں کو عالمی مارکیٹ کی سطح پر لایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پیٹرولیم ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر94روپے 89پیسے اور ایک لیٹر ڈیزل پر 95 روپے 35پیسے ٹیکس عائد ہے یعنی ایک لیٹرپیٹرول کی قیمت میں36فیصد اور ایک لیٹرڈیزل کی قیمت میں35فیصد ٹیکس ہے ۔حکومت نے عوام پر ٹیکسز اور چارجز کا ناجائز بوجھ ڈالا ہوا ہے، جس کو فی الفور ختم کیا جائے۔ عالمی منڈی میں فی بیرل قیمت میں ایک ڈالر اضافہ ہو جائے تو مقامی سطح پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا جاتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت مسلسل عوام کو نشانہ بنا رہی ہے، حکمران اپنی مراعات کم کرنے کو تیار نہیں، جاگیردار اور بڑے سرمایہ دار ٹیکس نہیں دیتے،تعلیم کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا گیا ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، پنجاب میں سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کیا جا رہا ہے، آزادی اظہار رائے پر پابندی عائد ہے، ان حالات میں ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے حصول اور آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری آزادیوں کے لیے بڑی تحریک کا آغاز کرے گی، پرامن مزاحمت کریں گے اور ان شاء اللہ ملک کو لٹیروں اور غاصبوں سے نجات دلائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں