جڑانوالہ(نامہ نگار) شہری علاقوں سے مویشیوں کی منتقلی کیلئے تحصیل انتظامیہ متحرک شیڈول جاری،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ شہری حدود محلہ اسماعیل آباد،محلہ رشید پارک،بشیر کالونی،نواز کالونی،محلہ رشید پارک سے مویشیوں کو نکالنے کیلئے 3 جنوری سے لیکر 15 جنوری سال 2026 تک تحصیل انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ آپریشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے،اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب کی ہدایت پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر نے متعلقہ عملے کو ہائوس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں اور تمام محکمہ جات کو متحرک کر دیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب نے کہا کہ شہری علاقوں میں مویشی رکھنے سے صفائی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں،بیماریوں کے خدشات بڑھتے ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے گوالوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے مویشی شہری حدود سے باہر کھلی اور مقررہ جگہوں پر منتقل کریں،بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔تحصیل انتظامیہ کے مطابق جاری کردہ شیڈول کے تحت مختلف علاقوں میں مرحلہ وار کارروائی کی جائے گی،انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شہر کو صاف ستھرا،صحت مند اور رہنے کے قابل بنانے کیلئے کیا جا رہا ہے،جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔




