ٹی اینڈ ٹی کالونی میں400کلو ملاوٹی دیسی گھی برآمد،سپلائر گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مضرصحت اشیاء تیار وفروخت کرنے والوں کیخلاف بھرپور کار روائیاں کرتے ہوئے 400 کلو ملاوٹی دیسی گھی اور کیمیکل ملا دودھ فروخت برآمد کر کے تین افراد کو حوالہ پولیس کر دیا اور 10من ملاوٹی دیسی گھی اور بھاری مقدار میں کیمیکل ملا دودھ تلف کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر احسن محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹی اینڈ ٹی کالونی میں دیسی گھر تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا تو وہاں پر 400 کلو دیسی ملاوٹی گھی پایا گیا اور کارخانہ کے مالک سرفراز کو حراست میں لیکر ملاوٹی دیسی گھی قبضہ میں لیکر تلف کر دیا۔ مذکورہ یونٹ میں صفائی انتظامات بھی ناقص پائے گئے۔ علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے رضاآباد کے علاقہ سفینہ ٹائون میں دوران چیکنگ کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے ملک شاپس کے مالکان اسد وغیرہ کو حراست میں لیکر مضرصحت دودھ کو تلف کر دیا۔ فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں