IMFسے چھٹکارا حکومت کی اولین ترجیح ہے

شیخوپورہ(بیورو چیف)وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ معیشت اور امن کے میدان میں آج پاکستان بھارت کے مقابلہ میںبہت آگے نکل گیا ہے، یہی وجہ ہے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کی تائید کرنے کے ساتھ دفاعی و معاشی شعبوں میں معاہدے ہورہے ہیں ،بھارت عسکری محاذ پر شکست کھانے کے بعد اب پاکستان پر واٹر وار مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے اس میں بھی اگر وہ باز نہ آیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا ،پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ممالک کی آزادی و خود مختاری پر یقین رکھتا ہے اور کسی ملک پر جارحیت و مداخلت قابل قبول نہ ہے ،آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے باقاعدہ اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں ،پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہ ہے بلکہ یہ ایک انتشاری و فسادی ٹولہ ہے جس نے اپنی حکومت اور اس کے بعد پاکستان میں سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کے دشمن کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے منفی و اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کیا ہے ،نواز لیگ نیشنل ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے دی ہے مگر اپوزیشن کا رویہ بالکل جمہوری اور اخلاقی اقدار کے منافی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ کے سینئر رہنما و حلقہ این اے 115کے امیدوار چوہدری شہباز چھینہ اور حلقہ پی پی 141 کے امیدوار پیر سید سجاد حسین شاہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان جلد ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہوگا اور وطن عزیز کا شمار ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کیا جائے گا،(ن)لیگ نے ہمیشہ اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی ہر ممکن کوشش کی اور اب بھی وفاقی حکومت یہ ذمہ داری با احسن انجام دے رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف ایک زیرک سیاستدان ہیں جو مفاہمت کو فروغ دے رہے ہیں،سال 2026میں حکومت غریب عوام پر کوئی نیا مالی بوجھ نہیں ڈالے گی بلکہ عوام کو مزید ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ غریب و متوسط طبقے کا معیار زندگی بلند کیا جاسکے، پی ٹی آئی کا واویلہ اپنے کرپٹ لیڈر کو جیل سے نکلوانے کی خاطر ہے جس کیلئے اس جماعت کی قیادت حکومت پر دبائو برھانے کی خاطر عوامی فلاح کے امور کو بھی نشانہ بنارہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں