DHQہسپتال میں پرائیویٹ ایمبولینسز کا داخلہ بند،ایدھی سروس فعال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ایچ کیو ہسپتال الائیڈ ٹو انتظامیہ نے پرائیویٹ ایمبولینسز کی لوٹ مار روکنے کیلئے داخلہ بند کر کے ایدھی ایمبولینسز کو فعال کر دیا۔ ایدھی ایمبولینسز کا کرایہ 50کلومیٹر مقررہ جبکہ اندرون شہر چھوٹی ایمبولینسز اڑھائی کلومیٹر تک 200 روپے’ 7کلومیٹر تک 500 روپے’ 14کلومیٹر تک ایک ہزار روپے اور 22کلومیٹر تک مریض’ نعشوں کو چھوڑنے کیلئے 15سو روپے وصول کریگی۔ یاد رہے کہ سول ہسپتال الائیڈ ٹو ہسپتال میں پرائیویٹ ایمبولینسز مالکان نے اندھیر نگری مچا رکھی تھی۔ شہر میں مریض یا وفات پا جانے والوں کی نعشوں کو منتقل کرنے کیلئے دو ہزار سے تین ہزار وصول کرتے تھے اور انہوں نے مختلف وارڈز میں ہسپتال عملہ کے ساتھ سازباز کر رکھا تھا اور مریض کے وفات پاتے ہی وارڈ میں پہنچ جاتے تھے۔ ایمبولینسز بک کروانے والے ہسپتال کے عملہ کو بھی مبینہ طور پر نذرانہ دیا جاتا تھا۔ جس پر ایم ایس ڈاکٹر ظفر چوہدری نے ہسپتال میں پرائیویٹ ایمبولینسز گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا اور ایدھی ایمبولینسز کے معاملات طے کر کے کرایہ نامہ کے بورڈ آویزاں کروا دیئے۔ مذکورہ کرایہ سے زائد وصول کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں