فیصل آباد کی40سڑکوں کی مرمت ،بحالی اور بیو ٹیفکیشن کا کام مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کا نان سٹاپ سلسلہ جاری ہے۔ڈویژنل انتظامیہ نے 40روڈز پر مرمت وبحالی،سٹریٹ لائٹس روشن،کروو سٹونز پینٹ،لین مارکنگ،بیوٹیفیکیشن ودیگر سہولیات کے بعداگلے مرحلہ میں شہر کی مزید 10روڈز اور مختلف علاقوں کے 10مین بازار کو سہولیات سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر باقاعدہ کام جمعرات 8جنوری سے شروع کردیا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سمیت ایڈیشنل کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر نے میونسپل کارپوریشن،واسا،ہارٹیکلچر ایجنسی،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوان سڑکوں اور بازاروں میں میونسپل سروسز کے حوالے سے جامع پلاننگ کے بعدسڑکوں وروڈز کی مرمت وبحالی،پارکس کی خوبصورتی،سیوریج سسٹم کی بہتری،صفائی ستھرائی،سٹریٹ لائٹس فعال،کروو سٹونز پینٹ،لین مارکنگ پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی مشینری اور ورک فورس کے ہمراہ ٹاسک کی انجام دہی کے لئے متحرک رہیں اور شہریوں کو واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔انہوں نے سی او ایف ڈبلیو ایم سی کو ہفتہ 10جنوری کو شہر بھر میں آپریشن کلین اپ کرنے کا ٹاسک دیا اور کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تمام وسائل بروئے کارلاکرشہر بھر میں کچرے کے پرانے ڈھیروں کا صفایا کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہریوں کی توقعات سے بڑھ کر سروسز کی فراہمی اولین ایجنڈا ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں