رکشہ کا ایکسل ٹوٹنے سے مسافر جاں بحق،ٹریکٹر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شیخوپورہ روڈ پر گٹ والا کے قریب تیز رفتار آٹو رکشہ کا ایکسل ٹوٹنے کے باعث ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے مسافر جاں بحق جبکہ ڈرائیور بری طرح زخمی ہو گیا، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پولیس کے حوالے کر کے زخمی ڈرائیور کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کھرڑیانوالہ کا رہائشی 33سالہ غلام غوث ولد محمد بشیر آٹو رکشہ نمبری GAU-1348 پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ جب آٹو رکشہ گٹ والا کے قریب پہنچا تو تیز رفتاری کے باعث رکشہ کا ایکسل ٹوٹنے سے بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا اور مسافر اور ڈرائیور بابر سلیم ولد محمد سلیم بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پنچی تو مسافر غلام غوث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ تاہم زخمی ڈائیور بابر سلیم کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔دریں ثنائ۔ماموں کانجن (نامہ نگار ) ماموںکانجن ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان موقع پر ہلاک ہو گیا،بتایا گیا ہے کہ ٹوبہ کا رہائشی 25 سالہ نوجوان علی حسنین زیب موٹر سائیکل پر کلیانوالا سے ماموں کانجن کی طرف آرہا تھا کہ لیاقت چوک کے قریب سامنے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے اسے ٹکڑ ماردی،جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس تھانہ ماموں کانجن نے موقع پر پہنچ کر کاروائی کا آغاز کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں