گلبرگ پولیس کا چھاپہ،تھانہ ساہیانوالہ کا انچارج انوسٹی گیشن سمیت6جوارئیے گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ گلبرگ پولیس نے امین پور بازار کشمیر ہوٹل میں کامیاب چھاپہ مار کر تھانہ ساہیانوالہ کے انچارج انوسٹی گیشن سمیت 6جواریوں کو گرفتار کر کے دائو پر لگی 25ہزار سے زائد رقم اور تاش کے پتے برآمد کر لئے’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے جواریوں کی سرپرستی کرنیوالے تھانہ ساہیانوالہ کے تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر کو معطل کر دیا۔ تھانہ گلبرگ کے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد ریاض کو اطلاع ملی تھی کہ امین پور بازار میں واقع کشمیر ہوٹل میں بدنام زمانہ جواری علی بٹ جوا کروا رہا ہے، اگر چھاپہ مارا جائے تو پکڑے جا سکتے ہیں۔ جس پر ایس ایچ او نے پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ مارا تو کشمیر ہوٹل کے کمرہ نمبر 22 میں تھانہ ساہیانوالہ کے انچارج انوسٹی گیشن سب انسپکٹر نصیر الدین’ طارق سعید’ محمد عظیم’ عابد علی’ مبشر حسین اور محمد علی بٹ کو دائو پر لگی ہوئی 25190 روپے’ تاش کے پتے سمیت گرفتار کر لیا اور ان کیخلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ تاہم سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے جواریوں کی سرپرستی کرنے والے اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے انچارج انوسٹی گیشن نصیر الدین کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں