وزیراعلیٰ مریم نواز نے تحصیل سطح پر ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام کی منظوری دیدی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن،عوامی خدمت کے مشن کے تحت تحصیل سمندری کی عوام کے لئے شہر کے وسط میں کینال کے ساتھ دو کلومیٹر ایریا کو معیاری واکنگ ٹریک بنایا جارہا ہے جس پر ویٹنگ شیڈ بھی نصب کردیا گیا ہے جبکہ ٹریک کے اردگرد ٹف ٹائلز لگانے کا کام شروع کیا جارہا ہے جس سے شہریوں کو عمدہ تفریحی سہولت ملے گی۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈویژن کی تحصیلوں کے دوروں کے سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر کے ہمراہ تحصیل سمندری کا دورہ کیا اور واکنگ ٹریک کا جائزہ لیا۔کمشنر نے دو کلو میٹر ایریا کو گندگی سے پاک کرکے ٹریک بنانے کے اقدام پر تحصیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور باقی ماندہ کام بھی بلاتاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے تحصیل سمندری کی عوام کو ایک اور خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے تحصیل سطح پر ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام کی منظوری دے دی جلد ہی سمندری کی گرین بیلٹس اور پارک سرسبز و شاداب نظر آئیں گے۔انہوں نے شہرکے داخلی راستہ پر گرین بیلٹس اور چوکوں کی تزئین وبحالی،پلانٹیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لیا جبکہ شہر بھر کی صفائی،سٹریٹ لائٹس فعال،کروو سٹونز پینٹ،پارک میں تفریحی سہولیات کے موجود ہونے کو بھی چیک کیا۔انہوں نے شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی پر بلاتعطل عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کے لئے مقامی رکن قومی اسمبلی اور فلاحی ادارے کی طرف سے16 نئی ڈائیلاسز مشینوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اضافی مشینوں کی بدولت گردہ کے مریضوں کو علاج کی تیزرفتار سروسز یقینی ہوگی۔انہوں نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے جملہ معیار کو سراہا اور یہی تسلسل برقرار رکھنے کی تاکید کی۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور سے یو ایس قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز(Stetson Sanders)نے کمشنر آفس میں ملاقات کی۔ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے یو ایس قونصل جنرل کو فیصل آباد دورے پر خوش آمدید اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں دوطرفہ امور، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر،مانچسٹر،ٹیکسٹائل اور یہاں کے کپڑے کی مصنوعات کی دنیا بھر میں مانگ ہے۔انہوں نے شعبہ زراعت اور خطہ کی مشہور فصلوں گندم،گنا کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ رواں سیزن میں فیصل آباد ڈویژن میں ساڑھے 18 لاکھ ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کے ہدف کے مقابلے میں 19 لاکھ سے زائد ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت کی گئی۔ انہوں نے دوطرفہ ثقافت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں فیصل آباد کی یونیورسٹیز میں غیر ملکی سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں کے ہزاروں طالب علم سکالرشپ پر اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 6 ماہ قبل ڈویژن کے دو اضلاع جھنگ اور چنیوٹ کے 500 سے زائد دیہات بدترین سیلاب سے متاثر ہوئے،سیلاب متاثرین کی آبادکاری،انفراسٹرکچر کی بحالی،امدادی پیکج بڑا چیلنج تھا جس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ کمشنر نے بتایا کہ بطور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شہریوں کو میونسپل سروسز کی تیز رفتار فراہمی کے لئے نان سٹاپ اقدامات جاری ہیں جس کے تحت سڑکوں کی مرمت وبحالی،سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن،سڑیٹ لائٹس فعال،بیوٹیفیکیشن کے اقدامات،پارکس کی تزئین وآرائش کے کام جاری ہیں۔انہوں نے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے ہنگامی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کا مقصد تاجروں و صنعتکاروں سے مشاورت کرکے فضائی وشور اور ویسٹ واٹر پیدا کرنے والی انڈسٹریز کو شہر سے باہر انڈسٹریل زونز بناکر منتقل کرایا جائے گا۔ انہوں نے صنعتی یونٹس کے بوائلر اور پریشر ویسلز کی استعداد کار جانچنے کے لئے نجی کمپینز کی طرف سے جاری سروے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے پینے کے پانی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے غیر ملکی فنڈڈ پراجیکٹس کی پیشرفت،ٹریفک مینجمنٹ،فیول ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے پٹرول اسٹیشنز پر فیول کی جانچ کے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ سسٹم کو الیکٹرک نظام میں بدلا جارہا ہے۔حکومت پنجاب نے بھاری سبسڈی کے ذریعے کسانوں کو سیڈرز فراہم کئے جن کے استعمال کے بعد فصلوں کی باقیات کو جلانے کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔علاوہ ازیں کسانوں کی دہلیز پر آگاہی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں اس وقت41 غیرملکی انڈسٹری قائم جن میں 33 چائنیز کی ہیں۔کمشنر نے کہا کہ ایکسپورٹ کو بڑھانے اور جدید سکلز کو فروغ دینے کے لئے یو ایس کے تعاون کی ضرورت، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے اداروں کی مزید بہتری کے لئے شراکت داری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔یو ایس قونصل جنرل نے کہا کہ وہ دوبارہ جلد فیصل آباد کا دورہ کرکے ایشو پر بات اور فیڈبیک بھی لیں گے۔کمشنر نے ڈویژن میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی کامیاب بحالی ہوئی اور پاکستان اورجنوبی افریقہ کے مابین تین ون ڈیز کھیلے گئے۔کمشنر نے ڈویژن میں حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔کمشنر نے یو ایس قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔قونصل جنرل نے بتایا کہ ان کا پہلا دورہ فیصل آباد ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔انہوں نے مختلف شعبوں سے متعلق سوالات بھی کئے اور بھرپور مہمان نوازی پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ اداکیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں