ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا خاتمہ ہونا چاہیے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایف ڈ ی اے کمپلیکس کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے عمارت کی چھت پر گئے اور وہاں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی روک تھام کیلئے تمام تر انتظامات برقرار رکھتے ہوئے عمارت کی چھت پر باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش ممکنہ ذرائع کا ہرصورت خاتمہ ہونا چاہیے اور کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہے۔ انہوں نے ایف ڈی اے کمپلیکس بلڈنگ کی ارد گرد کی جگہوں، پارکنگ ایریا، سٹورز، مختلف دفاتر اور ون ونڈو انتظار گاہ میں گئے اور خصوصی طور پر پودوں کے گملوں،کیاریوں اور پانی کی ٹینکی کو چیک کیا تاکہ انسداد ڈینگی سرویلنس میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ انہوں نے سٹاف سے کہا کہ وہ مرکزی و ذیلی دفاتر میں سرویلنس کے علاوہ پرائیویٹ ہاسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کو بھی انسداد ڈینگی کے حوالے سے متحرک رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے مکمل رابطہ رکھیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ڈینگی سے بچائو کے لئے آگاہی مہم کو جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ احتیاطی تدابیر پر ذمہ دارانہ عمل کو فروغ دیاجاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں