فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھنگ روڈ محلہ بسم اللہ پارک گلی نمبر 1سیوریج کی بدحالی کا شکار’ سیوریج کا گندہ پانی روزانہ کی بنیاد پر گلی میں اوور فلو ہونے لگا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ اعلیٰ احکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ’ مختلف صنعتی یونٹس کی جانب سے کیمیائی اور بھاری فضلہ سیوریج لائنوں میں چھوڑا جاتا ہے، جسکے باعث سیوریج لائنیں بار بار بلاک ہو جاتی ہیں’ اہلِ علاقہ گندے پانی کے جمع ہونے سے نہ صرف بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے بلکہ موذی امراض کے پھوٹنے کا بھی خدشہ ہے’ متعدد بار واساکے متعلقہ عملے کو شکایات درج کروائیں۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ روڈ پر واقع محلہ بسم اللہ پارک نزد شاداب پلی گلی نمبر 1 میں سیوریج کا نظام شدید طور پر ناکارہ ہو چکا ہے علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ کافی عرصے سے سیوریج کا پانی روزانہ کی بنیاد پر اوور فلو ہو کر گلیوں اور سڑکوں پر پھیل جاتا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے گندے پانی کے جمع ہونے سے نہ صرف بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے بلکہ موذی امراض کے پھوٹنے کا بھی خدشہ ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار واسا فیصل آباد کے متعلقہ عملے کو شکایات درج کروائیں، تاہم تاحال کوئی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اہلِ علاقہ کے مطابق واسا کا عملہ شکایات کے باوجود موقع پر آ کر مسئلہ حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہا ہے، جس سے عوام میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے مزید بتایا کہ چونکہ مذکورہ علاقہ انڈسٹریل ایریا کے قریب واقع ہے، اس لیے مختلف صنعتی یونٹس کی جانب سے کیمیائی اور بھاری فضلہ سیوریج لائنوں میں چھوڑا جاتا ہے، جس کے باعث سیوریج لائنیں بار بار بلاک ہو جاتی ہیں اہلِ علاقہ کا مطالبہ ہے کہ ان صنعتی یونٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سیوریج کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے علاقے میں بھاری ڈیوٹی (ہیوی) سیوریج پائپ لائنیں ڈالی جائیں تاکہ آئندہ اس سنگین صورتحال سے بچا جا سکے۔ علاقہ مکینوں نے ایم ڈی واسا فیصل آباد ثاقب رضا اورضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر سیوریج لائنوں کی صفائی اورمستقل حل کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری اس اذیت ناک صورتحال سے نجات حاصل کر سکیں۔



