ساہیوانوالہ حادثہ،ایک اور زخمی خاتون دم توڑ گئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ ساہیانوالہ فلائی اوور کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں باپ’ 3بیٹیوں کی ہلاکت کے بعد اسکی عزیزہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی’ اس طرح مرنے والوں کی تعداد 5 ہو گئی۔ یاد رہے کہ 3 روز قبل شادمان کالونی کا رہائشی شیخ عدیل اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد سے فیصل آباد آ رہا تھا جب وہ موٹروے سے ساہیانوالہ موڑ پر فلائی اوور کے قریب پہنچا تو سڑک پر گنے سے لدی الٹی ٹرالی سے ٹکرا گئے، گاڑی بھی بری طرح تباہ ہو گئی تاہم حادثہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو شیخ عدیل’ اسکی دو بیٹیاں 8سالہ ہادیہ’ 6سالہ عائشہ موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ شیخ عدیل کی تیسری بیٹی عمیمہ کے بعد اسکی عزیزہ تحسین بی بی زوجہ شہباز بھی ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ اس طرح ایک ہی خاندان کے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔ جبکہ شیخ عدیل کی اہلیہ عمارہ بی بی کی حالت بھی تشویشناک حالت بتائی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں