رجسٹرڈ آئمہ کرام کو ماہانہ 25ہزار اعزازیہ دیا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آئمہ کرام کی بے مثال خدمات کے اعتراف کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت امام مساجد کے اعزاز میں میونسپل کارپوریشن ہال فیصل آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں 86آئمہ کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کئے گئے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی راجہ دانیال تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ رضوان، طارق جانباز اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر نے بھی شرکت کی۔راجہ دانیال نے کہا کہ ضلع فیصل آباد میں 2200 سے زائد امام مساجد کو ماہانہ اعزازیہ فراہم کیا جائے گا۔حکومت پنجاب کے اس فلاحی پروگرام کے تحت رجسٹرڈ آئمہ کرام کو ماہانہ25 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا جو شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے براہ راست ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔آئمہ کرام اعزازیہ کارڈ کے ذریعے اے ٹی ایم سے رقم بآسانی وصول کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اعزازیہ کارڈ امام مساجد کی خدمات کے اعتراف اور ان کی معاشی معاونت کے لئے ایک اہم اقدام ہے۔ حکومت پنجاب عوامی خدمت اور سماجی بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر عملی جامہ پہنا رہی ہے۔تقریب میں شریک مقررین نے وزیراعلی پنجاب کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے امام مساجد کے لئے ریلیف قرار دیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اعزازیہ کارڈز کی تقسیم کا عمل شفاف، منظم اور مرحلہ وار جاری ہے تاکہ تمام مستحق آئمہ کرام اس فلاحی اقدام سے مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں