ضلع کچہری کو صاف ستھرا بنا کر ماڈل بنائیں گے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔صدر بار میاں طارق محمود،جنرل سیکرٹری کلیم اللہ گل،نائب صدر رانا راشد علی ودیگر ارکان موجود تھے۔کمشنر نے بارایسوسی ایشن کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کو انصاف کی فراہمی،قانون کی بالادستی میں وکلا کا اہم کردار ہے۔ڈویژنل انتظامیہ وکلا کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات جاری رکھے گی۔کمشنر نے کہا کہ چیمبرز کے قیام کے لئے حکومت پنجاب سے رابطہ بھی کیا جائے گا۔ضلع کچہری کو مشترکہ اقدامات سے صاف ستھرا بناکرماڈل کچہری بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے بھی موثر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے ضلع کچہری میں گرانڈ واٹر ریچارج ویل بنانے کا بھی اعلان کیا جس کی بدولت پانی روڈز پرجمع نہیں ہوگا۔کمشنر نے بتایا کہ بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کو میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل تعمیر کرائے گا جس پرجلد کام شروع ہوگا۔اسی طرح آٹھ بازاروں کے اردگرد دستیاب اراضی پر بھی پارکنگ کا سسٹم لارہے ہیں۔انہوں نے بارایسوسی ایشن کی طرف سے نشاندہی کردہ مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے کمشنر کی قیادت میں شہر میں عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد کو سراہا۔ سڑکیں مرمت،سٹریٹ لائٹس چالو،بیوٹیفیکیشن کے اقدامات،سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن سے شہریوں کو ریلیف مل رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں