بلڈنگ لاز کی خلاف ورزیاں،گزشتہ سال36لاکھ 57ہزار کے جرمانے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سال 2025کے دوران بلڈنگ لاز سمیت مختلف خلاف ورزیوں کی پاداش میں مجموعی طور پر 36 لاکھ 57ہزار 5 سو روپے کے جرمانے عائد کئے ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو ایک بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ /ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج نے بتایا کہ گزشتہ سال عدالت میں مختلف خلاف ورزیوں پر مشتمل 913 چالان موصول ہوئے جن کی سماعت کرتے ہوئے729 چالان نمٹائے گئے اور قصور واروں کو مختلف مالیت کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں / کمرشل مارکیٹس اور پرائیویٹ ہاسنگ سکیموں میں قانون کی عملداری کوچیک کیا اور کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات، ناجائز تعمیرات، بلڈنگ پلان کی عدم منظوری، غیر قانونی کمرشلائزیشن، پرائیویٹ ہاسنگ سکیموں میں غیرقانونی ڈویلپمنٹ و دیگر بائی لاز کی خلاف ورزیوں پر چالان کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر کیسز کی سماعت کی جا رہی ہے اور حاضری کے لئے قانون شکن افراد کو سمن جاری کرکے ذمہ درانہ انداز میں تعمیل کا عمل مکمل کیاجاتا ہے اور عدالت حاضر نہ آنے والوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے متعلقہ تھانوں کو کارروائی کے لئے بھجوائے جاتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے نے کہا کہ قانون کی عملدراری کو یقینی بنایاجائے اور عدالتی کارروائی میں شفافیت اور میرٹ کو ہرصورت برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی معاملات میں کسی پیچیدگی کی وضاحت کے حوالے سے لیگل برانچ کی معاونت حاصل کی جائے تاکہ تمام تر دفتری امور قانون اور قواعد و ضوابط کے دائرے میں رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں