سابق وفاقی وزیر داخلہ میجر(ر)راجہ نادر پرویز انتقال کرگئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی وزیر داخلہ میجر (ر) راجہ نادر پرویز رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے’ مرحوم پانچ مرتبہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور بطور وفاقی وزیر داخلہ سمیت وزیر مملکت پانی وبجلی’ وفاقی وزیر کمیونیکیشن کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے ملک وقوم کی خدمت کی’ میجر راجہ نادر پرویز نے 1965کی پاک بھارت جنگ میں ”رن کچھ” کے مقام پر دشمن کیساتھ بھرپور مقابلہ کیا اور ان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ جرأت کے نشان سے نوازا گیا۔ مرحوم راجہ نادر پرویز اسلامی جمہوری اتحاد’ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ منسلک رہے۔ راجہ نادر پرویز کے ڈیلی بزنس رپورٹ کے ایڈیر عبدالرشید غازی (مرحوم) کے ساتھ گہرے مراسم تھے۔ انہوں نے ہمیشہ ملکی ترقی’ عوام کی خوشحالی کیلئے بے پناہ خدمات سرانجام دیں۔ مرحوم نے سوگواروں میں دو بیٹے راجہ اسد نادر اور راجہ وقار نادر چھوڑے ہیں۔ مرحوم کی نمازجنازہ آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی جائیگی۔ ڈیلی بزنس رپورٹ کے ایڈیٹر ہمایوں طارق’ نیوز ایڈیٹر ریاض ملک اور دیگر سٹاف نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ اپنے حبیبۖ کے صدقے مرحوم کو جنت الفردوس میں بلند مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں