ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید افتخار اولکھ نے ضلع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 31 سکیمیں شامل ہیں جن میں 15 جاری اور 16 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔اجلاس میں ہائی وے، بلڈنگ، لوکل گورنمنٹ اور سپورٹس سے متعلق ترقیاتی سکیموں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سرکاری سکولوں میں مسنگ فسیلٹیز کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران مثالی گاوں منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ تحصیل پیر محل اور گوجرہ میں ماڈل سہولت بازاروں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ایکسین ہائی وے نے ایم-3 سے ایم-4 موٹروے تک ڈبل روڈ کی تعمیر اور کام کی رفتار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تمام منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں